0

بلوچستان میں دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی

بلوچستان میں دفتری اوقات کار کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائدکردی گئی ۔

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر Sarfraz Bugti کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے متعدد سخت فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی فوری واپسی یقینی بنائی جائے گی۔ اس ضمن میں سابق گورنرز، سابق وزرائے اعلیٰ، سابق وزراء، سابق اراکین اسمبلی، ریٹائرڈ افسران اور دیگر غیر مجاز افراد سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت جاری کی گئی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی کہ تمام سرکاری گاڑیوں کا جامع آڈٹ کیا جائے اور ایندھن کی فراہمی صرف تصدیق شدہ اور مجاز گاڑیوں تک محدود رکھی جائے۔

اجلاس میں 2005 سے پرانی سرکاری گاڑیوں کی مرحلہ وار نیلامی اور گاڑیوں کی ریشنلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی تاہم سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ طے پایا کہ بغیر اجازت سرکاری گاڑیاں صوبے سے باہر لے جانے پر پابندی عائد ہوگی۔

اندرون شہر سرکاری گاڑیوں کی نقل و حرکت کو سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری اور غیر مجاز استعمال کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حکومتی وسائل کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں