(Publish from Houston Texas USA)
میاں افتخار احمد
ڈویژنل انتظامیہ نے معیاری تعلیم کے فروغ کے نیٹ ورک میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ایف ڈی اے سٹی، سرگودھا روڈ میں ڈویژنل ماڈل کالج کے سب کیمپس کا افتتاح کر دیا ہے۔ کمشنر فیصل آباد، راجہ جہانگیر انور نے سب کیمپس کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل کمشنرز عامر رضا، آصف چوہان، پرنسپل مرزا یاسین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
سب کیمپس کا آغاز فی الحال ایک کرایہ کی عمارت میں کیا گیا ہے، جس میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے طلباء کے داخلے کیے گئے ہیں۔ اس کیمپس میں جدید کیمرج سسٹم کے تحت اے لیول اور او لیول تک تعلیم فراہم کی جائے گی۔ کمشنر فیصل آباد نے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طلباء کے لیے تدریسی و انتظامی سہولیات، فرنیچر کے معیار اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی سب کیمپس کے قیام سے یہاں کے مکینوں اور ارد گرد کی آبادی کے بچوں کو معیاری اور باکفایت تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے اساتذہ و انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تدریسی معیار اور تعلیمی ماحول کو برقرار رکھیں۔ زیر تعمیر کثیر المقاصد ایئرکنڈیشنڈ عمارت مکمل ہونے کے بعد کلاسز وہاں منتقل کر دی جائیں گی۔
کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ڈویژنل پبلک سکولز و کالجز نے اعلیٰ تعلیمی معیار قائم کیا ہے، جس سے فارغ التحصیل طلباء مختلف شعبوں جیسے سائنس و ٹیکنالوجی، علم و ادب، سول و ملٹری سروسز میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو اس موقر ادارے کا فخر ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے سب کیمپس کے قیام پر ڈویژنل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کے باعث نہ صرف ایف ڈی اے سٹی کی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقے کے بچوں کو کم اخراجات میں باوقار تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔ پرنسپل مرزا یاسین نے بھی سب کیمپس کی انتظامی و تدریسی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں
