0

واسا فیصل آباد، ڈسپوزل اسٹیشنز کی پمپنگ مشینری کی اپ گریڈیشن کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

(Publish from Houston Texas USA)

میاں افتخار احمد

فیصل آباد میں نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے واسا نے اہم پیش رفت کی ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا ہے کہ شہر کے ڈسپوزل اسٹیشنز کی پمپنگ مشینری کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ نکاسی آب کی کارکردگی بہتر ہو اور توانائی کے اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
جاپانی کمپنی کے نمائندوں نے واسا ہیڈ آفس میں ایم ڈی واسا سے ملاقات کی اور جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ پمپنگ مشینری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر یہ مشینری ہائی پرفارمنس، کم توانائی استعمال اور پائیداری کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے اس موقع پر کہا کہ پمپنگ مشینری کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور اس مقصد کے لیے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ جاپانی کمپنی اسی سے قبل چنیوٹ لائن اور ٹرمینل ریزروائر کی مشینری کی تبدیلی کا منصوبہ بھی کامیابی سے مکمل کر چکی ہے، جس سے ادارے کی کارکردگی میں قابلِ ذکر بہتری آئی۔
سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ جدید مشینری کی تنصیب سے ڈسپوزل اسٹیشنز کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا، شہریوں کے نکاسی آب کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور ادارے کے توانائی اخراجات میں کمی آئے گی جو کہ موجودہ معاشی حالات میں نہایت اہم ہے۔
ملاقات کے دوران ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں