(منڈی بہاؤالدین سے دیسی ٹی وی یو ایس اے کے بیورو چیف راجہ محمد ایوب کی رپورٹ)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کسان دوست پالیسیوں کے تحت کاشتکاروں کو ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کرنے کے لئے ضلع کونسل ہال منڈی بہاؤالدین میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال ، ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد جعفر چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال نے کی۔ ناصر اقبال بوسال ایم این اے اور خالد محمود رانجھا ایم پی اے کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت شعبہ زراعت پنجاب میں دن بدن ترقی کر رہا ہے ۔ وزیر اعلی کی گرین ٹریکٹر سکیم انقلابی اقدام ہے جس سے کاشتکار خوشحال اور فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہو گا اور ملک کو خوراک کے معاملے میں خود کفیل بنانے میں مدد ملے گی – ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع منڈی بہاؤالدین شیخ محمد اقبال نے کہا کہ وزیر اعلی کے کسان دوست ویژن کے تحت صوبہ پنجاب میں 10 ارب کی لاگت سے 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز پر فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے ۔ انھوں نے شرکاء کو زراعت کی اہمیت، گرین ٹریکٹرز سکیم، کسان کارڈز، سبسڈی پر منظور شدہ اقسام کے بیج و زرعی مشینری سمیت دیگر زرعی سہولیات اور اقدامات کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز سکیم کے تحت بذریعہ آن لائن شفاف قرعہ اندازی سے ضلع منڈی بہاؤالدین کے 152 خوش نصیب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر کاشت کاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تاریخی پیکج دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔









