0

یف ڈی اے کے کمرشل و رہائشی پلاٹس کی نیلام عام کا اعلان

(میاں افتخاراحمد)

فیصل آباد : فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر ملکیت کمرشل اور رہائشی پلاٹس کی نیلام عام کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور یہ نیلامی بدھ 26 نومبر کو صبح 11 بجے ایف ڈی اے کمپلیکس بالمقابل سول ہسپتال میں منعقد ہوگی جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک اجلاس میں نیلامی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ پلاٹس کی تفصیلات کو بڑے پیمانے پر مشتہر کیا جائے تاکہ خواہشمند افراد آسانی سے معلومات حاصل کر سکیں اور بولی میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج اور دیگر افسران شریک تھے جہاں ڈی جی نے واضح کیا کہ نیلامی کے انتظامات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونی چاہئے اور بولی دہندگان کو پرسکون اور خوشگوار ماحول میں تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف، منظم اور قانون کے مطابق رکھنے کے لئے نیلام کمیٹی امور کی نگرانی کرے گی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ ادارے کے مالی وسائل میں اضافے کے لئے مختلف محل وقوع کے قیمتی پلاٹس فروخت کیلئے پیش کئے جا رہے ہیں جن سے حاصل ہونے والی رقم شہری ترقی، ادارے کی مضبوطی اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر صرف کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیلامی سے متعلق تمام معلومات خواہشمند شہریوں تک واضح طور پر پہنچائی جائیں۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج نے بتایا کہ نیلامی میں مختلف ہاؤسنگ اسکیموں میں تعلیم، صحت اور دیگر عوامی سہولتوں کے لئے مختص 114 پبلک یوٹیلٹی سائٹس کو فروخت کیلئے رکھا گیا ہے جبکہ مدینہ ٹاؤن، احمد نگر، ملت ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں دستیاب رہائشی و کمرشل پلاٹس بھی شامل ہوں گے اور اس کے ساتھ ہی گلستان پلازہ کی دکانیں بھی لیز پر دینے کے لئے نیلامی میں پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے اہم مقامات بشمول چناب کلب چوک اور ایف ڈی اے کے مرکزی دفتر کے باہر پلاٹس کی تفصیلات آویزاں کر دی گئی ہیں جبکہ شہری نیلامی کی شرائط اور پلاٹس کی مکمل تفصیلات ایف ڈی اے دفتر سے حاصل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں