نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت اور تنازعات کے حل، پائیدار ترقی اور بنیادی حقوق کے تحفظ میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کے دوران پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی، کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے اور اقوام متحدہ-او آئی سی کے تعاون کو بڑھانے کی کوششوں پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے اہم قومی اور علاقائی مسائل بھی اٹھائے جن میں جموں و کشمیر کا تنازعہ اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ انہوں نے فلسطینی ریاست کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور مغربی کنارے میں اسرائیل کے غیر قانونی الحاق کے منصوبوں کی مذمت کی۔
