محمود خان اچکزئی پشین جلسہ 0

عمران خان کی رہائی اور قومی حکومت کا مطالبہ، محمود خان اچکزئی کا پشین جلسے سے خطاب

پشین (سید سردار محمد خوندئی بیورو چیف)

پشین جلسے میں محمود خان اچکزئی نے عمران خان کی رہائی، قومی حکومت کے قیام اور ایران پر حملوں کی مذمت کا مطالبہ کیا

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام عید الفطر کے موقع پر ضلع پشین میں عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس سے پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے ملک کی موجودہ سیاسی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک متفقہ قومی حکومت تشکیل دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں جنگی صورتحال مزید شدت اختیار کرتی ہے تو ایک یا دو سال کے لیے قومی حکومت کی تشکیل ضروری ہے تاکہ ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام فراہم کیا جا سکے اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہو سکے۔

محمود خان اچکزئی نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بلاجواز اور کھلی جارحیت ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم دنیا نے اس صورتحال پر موثر جواب نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ آئین کی بالادستی قائم کی جائے، پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا جائے اور تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

ریلی میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور جب تک عوام کو انصاف، روزگار اور تحفظ نہیں ملے گا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

افغانستان اور پاکستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اس مسئلے کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر اقدامات کیے جائیں۔

ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی شرکت کی اور ملک میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک میں حقیقی جمہوری نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں