(Publish from Houston Texas USA)
لاہور ( محمد منصور ممتاز سے )
حضرت پیر نصیر احمد قادری کی سرپرستی میں چھ سال سے بلا تعطل فلاحی خدمت، امیر و غریب اور مسلم و غیر مسلم سب کے لیے لنگر عام
لاہور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں قائم آستانہ عالیہ قادریہ میں حضرت پیر نصیر احمد قادری کی زیرِ سرپرستی سال بھر ہر جمعرات باقاعدگی سے لنگر تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس فلاحی اقدام کا آغاز چھ سال قبل کیا گیا تھا جو آج بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ ہر جمعرات زائرین اور مقامی افراد کی بڑی تعداد آستانہ پر حاضری دیتی ہے اور لنگر سے مستفید ہوتی ہے۔ یہاں کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی؛ امیر و غریب ، حتیٰ کہ مسلم اور غیر مسلم سب افراد بلا تفریق لنگر حاصل کر سکتے ہیں۔ حاجی عامر علی قادری نے کہا کہ یہ لنگر خالصتاً رضائے الٰہی اور خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت تقسیم کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق چھ سال قبل اس سلسلے کی بنیاد رکھی گئی اور عزم کیا گیا کہ یہ خدمت بغیر کسی وقفے کے جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر جمعرات ایک وقت کا لنگر تقسیم کیا جاتا ہے اور کوئی بھی شخص بلا جھجھک آ کر کھانا حاصل کر سکتا ہے۔
محمد عامر بٹ نے کہا کہ آستانہ عالیہ قادریہ میں مساوات اور بھائی چارے کی عملی مثال قائم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہاں کسی سے مذہب، ذات یا مالی حیثیت کے بارے میں کوئی سوال نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے بتایا کہ عام دنوں میں لنگر ایک وقت کے لئے کھانا تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری دونوں اوقات کے لئے خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔
فیاض احمد قادری نے کہا کہ یہ لنگر سال بھر باقاعدگی سے جاری رہتا ہے اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے علاوہ پورے سال ایک وقت لنگر تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ رمضان میں سحری و افطاری کے لئے خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ روزہ دار مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فلاحی سلسلہ معاشرے میں اخوت، ہمدردی اور خدمتِ انسانیت کو فروغ دے رہا ہے اور مستحق افراد کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو رہا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق یہ لنگر مستحق طبقات کے لیے سہارا اور معاشرتی ہم آہنگی کی روشن مثال بن چکا ہے۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔