میگا ٹرانسپورٹ منصوبہ: اورنج لائن میٹرو بس و ٹرام کی تیاری: 0

فیصل آباد کے لیے میگا ٹرانسپورٹ منصوبہ: اورنج لائن میٹرو بس و ٹرام کی تیاری: کمشنر راجہ جہانگیر انور

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عید کے بعد گراونڈ بریکنگ کریں گی، 21.3 کلومیٹر اورنج لائن پر 27 میٹرو بسیں اور 2 ٹرام جلد چلانے کے لیے تیار

فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے لیے شعبہ ٹرانسپورٹ میں ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔ فیصل ٹاؤن جڑانوالہ روڈ سے طاہرپورہ جھنگ روڈ تک 21.3 کلومیٹر اورنج لائن پر 27 میٹرو بسیں اور 2 ٹرام عنقریب چلنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ عید کے فوری بعد منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کریں گی۔

ممبر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہد سعید نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 80 ارب روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹ کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے، اور اورنج لائن پر 21 اسٹیشنز بنیں گے، دو ڈپو اور 6 یوٹرنز شامل ہیں۔

زاہد سعید نے واسا، فیسکو، سوئی گیس، پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشن، ٹریفک پولیس اور پی ٹی سی ایل کو ہدایت کی کہ وہ سروے کرکے الائمنٹ کے مطابق یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے لیے ڈیمانڈ نوٹسز 10 روز میں فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے لیے متبادل راستوں کا پلان تیار کیا جائے، اور تعمیراتی سائٹ پر حفاظتی انتظامات پر زیرو ٹالرنس ہوگا۔ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے ہیلتھ سیفٹی آفیسر مقرر کیا گیا ہے، اور کھدائی کے عمل کو محفوظ بنانا ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ میگا منصوبے کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ مٹی اور دھول کو کم کرنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے گا، لائٹنگ اور سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے، اور درختوں کو بغیر کاٹے ٹیکنالوجی کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔ میٹرو اور ٹرام اورنج لائن سروس شہریوں کے لیے آمد و رفت میں بڑی سہولت فراہم کرے گی اور روزانہ ہزاروں مسافر اس سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روٹ سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے دوران عارضی بندش کے بارے میں بروقت آگاہی دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں