(Publish from Houston Texas USA)
لاہور( نمائندہ خصوصی سے)
عالمی کاروباری رہنماؤں کی شرکت کے ساتھ پاکستان میں ای کامرس اور ڈیجیٹل معیشت میں جدید رجحانات اور پیشہ ورانہ جدت پر روشنی
پاکستان میں ای کامرس اور ڈیجیٹل معیشت میں پیشہ ورانہ جدت اور تبدیلیاں لانے کے حوالے سے ایک پروقار عالمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فلپائن، جرمنی، برطانیہ اور سری لنکا سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ممتاز کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اس بین الاقوامی تقریب کی سربراہی نوجوان بزنس مین اور ایمازون کی معروف کمپنی کے کمرشل مینیجر محمد سبحان راجپوت نے کی۔
تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستان میں ایمازون کے کاروبار کو فروغ دینا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ ایمازون سینٹرز اور دفاتر قائم کیے جا سکیں جس سے پاکستانی عوام بالخصوص نوجوانوں کے لیے آن لائن روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان بزنس مین اور کمرشل مینیجر محمد سبحان راجپوت نے پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف کاروبار کرنا نہیں بلکہ پاکستان کے ٹیلنٹ کو عالمی منڈی سے جوڑنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور اگر انہیں صحیح سمت فراہم کی جائے تو وہ ایمازون کے ذریعے نہ صرف اپنا مستقبل سنوار سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی قیمتی زرمبادلہ کا اضافہ کر سکتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے کونے کونے میں ایمازون کے دفاتر دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ ہر باصلاحیت نوجوان گھر بیٹھے عزت کے ساتھ روزگار حاصل کر سکے۔
اس موقع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے ایمازون انٹرپرینیورز اور ایمازون سیلرز (Amazon Sellers) نے پاکستان میں ای کامرس کے وسیع مواقعوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایمازون کے شعبے میں ترقی کی بے پناہ گنجائش موجود ہے اور پاکستان کے نوجوانوں کو اگر بین الاقوامی سطح کی تربیت فراہم کی جائے تو وہ دنیا کے بہترین ای کامرس ایکسپرٹس بن سکتے ہیں۔ عالمی مہمانوں نے محمد سبحان راجپوت کی پیشہ ورانہ کوششوں اور وژن کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ سبحان راجپوت جیسے نوجوانوں کی بدولت ہی پاکستان میں ایمازون کے بزنس کو فروغ مل رہا ہے اور وہ ان کی ان کوششوں میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر دنیا بھر سے آئے انٹرپرینیورز اور پاکستانی بزنس مینز کے درمیان کچھ یادداشتوں پر دستخط ہوئے اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بہت جلد ایمازون کی دنیا میں ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ جس سے مقامی نوجوانوں کو ورچوئل اسسٹنٹ اور ای کامرس بزنس اونرز کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔
