رمضان المبارک میں مہنگائی کنٹرول 0

رمضان المبارک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

(میاں افتخار احمد)

رمضان المبارک کے دوران ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس

فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا جبکہ تمام مجسٹریٹس کے ساتھ صبح و شام دو وقت میٹنگز کر کے کارروائیوں کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر صورت ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں محض جرمانے پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ گرفتاریاں اور دکانیں سیل کرنے جیسے سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

ہدایت کی گئی کہ رمضان المبارک میں پیرا سٹاف بازاروں میں صبح سے رات تک موجود رہے گا تاکہ قیمتوں اور معیار کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول روم کو مزید فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بڑے اسٹورز اور میگا مارٹس میں ڈسکاؤنٹ کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ اشیائے خوردونوش کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مارکیٹ کمیٹی کو قیمتوں میں بلاجواز اضافہ روکنے کی تاکید کی گئی جبکہ روزہ داروں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں سہولت بازاروں میں سپروائزرز کی ہر صورت موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاکہ عوام کو رمضان المبارک میں معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں