فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمیٰ 0

پنجاب حکومت کا پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا پختہ عزم

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا پختہ عزم ہے، یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، عظمیٰ کاردار نے کہا کہ والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں کیونکہ پولیو کے دو قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم کی وہ خود نگرانی کر رہی ہیں اور اس قومی مشن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، فوکل پرسن نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے حقیقی ہیرو ہیں جو کٹھن حالات میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ مہم کے دوران غلط رپورٹنگ یا فرائض میں کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عظمیٰ کاردار نے پولیو کے خاتمے کے لئے میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، انہوں نے فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ والدین پر لازم ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور قومی فریضہ ادا کریں، ہمارا ہدف پنجاب کے ہر بچے تک رسائی ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو، فوکل پرسن عظمیٰ کاردار نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ایوننگ اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں مہم کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے مہم کے پہلے روز کے اہداف سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ پہلے روز چار لاکھ اناسی ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی تمام مشینری انسداد پولیو مہم کی مؤثر مانیٹرنگ پر مامور ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، عظمیٰ کاردار نے کہا کہ یہ مہم جذبے، دیانت داری اور مشترکہ ذمہ داری کے تحت کامیاب بنائی جائے گی تاکہ پاکستان کو ہمیشہ کے لئے پولیو فری بنایا جا سکے

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں