0

پی ایم اے کی تاریخی پیش رفت، انٹرنیشنل گرینڈ میڈیکل کانفرنس 2026 کا باضابطہ اعلان

(Publish from Houston Texas USA)

( محمد منصور ممتاز لاہور سے )

ملک و بیرونِ ملک سے ہزاروں ماہرینِ طب کی شرکت متوقع، لاہور عالمی طبی مرکز بننے کو تیار

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے صحت، تحقیق اور طبی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی نوعیت کی پہلی پی ایم اے انٹرنیشنل گرینڈ میڈیکل کانفرنس 2026 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ تین روزہ میگا کانفرنس 15 تا 17 مئی 2026 کو لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر سے ہزاروں ممتاز ماہرینِ طب شرکت کریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے لاہور کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہمیشہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کے حقوق کے تحفظ اور طبی علوم کے فروغ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے باقاعدگی سے قومی و بین الاقوامی سطح پر سائنسی سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز کا انعقاد اور ان میں شرکت کے ذریعے تحقیق اور جدت کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس محض ایک علمی اجتماع نہیں بلکہ پورے خطے کی سب سے بڑی طبی مجلس ہوگی، جس میں سینئر کنسلٹنٹس، پروفیسرز، کلیدی رائے ساز، ہسپتال منتظمین، پالیسی ساز اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں ملک کی تمام بڑی میڈیکل اور سرجیکل اسپیشلٹیز کی بھرپور نمائندگی ہوگی جس سے ہر شعبہ طب میں گہرے اور مسلسل علمی تبادلے کو فروغ ملے گا۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ اس کانفرنس میں بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں شرکت ہوگی۔ ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن (WMA)، کنفیڈریشن آف میڈیکل ایسوسی ایشنز اِن ایشیا اینڈ اوشینیا (CMAAO)، وسطی ایشیائی ممالک، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے معزز مندوبین جدید طبی تحقیق اور تجربات سے شرکاء کو مستفید کریں گے۔
کانفرنس کی تنظیمی ساخت کے حوالے سے بتایا گیا کہ:
چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک،
سیکریٹری آرگنائزنگ کمیٹی ڈاکٹر واجد علی،
سیکریٹری فنانس ڈاکٹر ارم شہزادی ہوں گی۔
دیگر اہم عہدے درج ذیل شخصیات کے پاس ہوں گے:
کانفرنس چیئرمین: پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی
کانفرنس سیکریٹری: پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خان
چیئرمین سائنٹیفک کمیٹی: پروفیسر ڈاکٹر محمد تنویر انور
چیئرمین الائیڈ ہیلتھ کمیٹی: ڈاکٹر ریاض ذوالقرنین اسلم
بین الاقوامی سطح پر روابط کے لیے ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری (مرکزی صدر پی ایم اے) انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ قومی سطح پر رابطوں کے لیے ڈاکٹر عبدالغفور شورو (سیکریٹری جنرل پی ایم اے سینٹر) کو نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
ملک بھر سے بھرپور نمائندگی یقینی بنانے کے لیے صوبائی کوآرڈینیٹرز بھی مقرر کیے گئے ہیں:
پنجاب: ڈاکٹر کامران سعید، ڈاکٹر کامران احمد
سندھ: پروفیسر ڈاکٹر سونیا نقوی، ڈاکٹر شیر شاہ سید، ڈاکٹر اسمعیل میمن
خیبر پختونخواہ: پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ کندی، ڈاکٹر کامران بنگش، پروفیسر خوشنود علی باز
بلوچستان: ڈاکٹر عزیز احمد لہری، پروفیسر حمید اللہ کاکڑ
کانفرنس کے معیار اور اثر کو مزید بلند کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ایڈوائزری بورڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں نامور طبی شخصیات شامل ہیں جن میں پروفیسر جاوید اکرم، پروفیسر آفتاب محسن، پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر ایاز محمود، پروفیسر فرید ظفر، پروفیسر مجید چوہدری، پروفیسر احسن وحید راٹھور، ڈاکٹر شیر شاہ سید، ڈاکٹر ٹیپو سلطان، پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، ڈاکٹر اظہر علی مرزا، پروفیسر قیصر سجاد، پروفیسر زہرہ خانم، ڈاکٹر طارق میاں اور ڈاکٹر شاہد شہاب شامل ہیں۔
تین روزہ اس میگا ایونٹ میں ایڈوانسڈ میڈیکل ورکشاپس، سائنٹیفک سیشنز، ریسرچ پریزنٹیشنز اور نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا، جو نوجوان ڈاکٹرز اور طلبہ کے لیے بین الاقوامی معیار کے سیکھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق، عالمی ماحولیات، نرسنگ، پیرامیڈیکل سٹاف، ادب، میڈیکل نیوز گروپ اور کتابی میلے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
مقررین نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد صرف ایک ایونٹ کا انعقاد نہیں بلکہ پاکستان کو عالمی طب کے نقشے پر ایک مؤثر اور باوقار مرکز کے طور پر اجاگر کرنا اور پاکستانی ڈاکٹرز کو دنیا بھر کے طبی ماہرین سے مضبوط روابط فراہم کرنا ہے۔
پریس کانفرنس میں شریک رہنماؤں میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک، پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری، ڈاکٹر کامران سعید، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق، ڈاکٹر ارم شہزادی، ڈاکٹر احمد نعیم اختر، ڈاکٹر مریم فاطمہ اور ڈاکٹر سلمان حیدر کاظمی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں