(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
جواد اسپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس میں سالانہ تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب
فیصل آباد: جواد اسپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس فیصل آباد نوجوان نسل کو صحت مند، توانا اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب رکھنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد رکھے ہوئے ہے۔ آج کے نوجوانوں کو اپنی توانائیاں مثبت سمت میں صرف کرنے کی اشد ضرورت ہے اور ایسے ادارے ملک و قوم کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے جواد اسپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کی سالانہ تقسیمِ انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آر پی او فیصل آباد نے کہا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی تربیت کرتے ہیں بلکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے بھی دور رکھتے ہیں۔ انہوں نے جواد اسپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب میں بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران جواد اسپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس میں آٹھ میگا کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا گیا، جن میں کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ساڑھے پانچ ملین روپے سے زائد کے نقد انعامات، کٹس اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو جواد اسپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس شیخ جواد افضل اور شیخ عماد افضل نے کہا کہ وہ اپنے والدِ مرحوم شیخ محمد افضل کے ویژن ’’صحت مند فیصل آباد‘‘ کو آگے بڑھا رہے ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
تقریب میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر رانا انیس احمد، سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر محمد سلیمان، فراز محمود الحسن، جی ایم جے ٹیکس میاں رضوان الحق، جی ایم جواد کلب میاں ندیم اشرف، ہیڈ کوچ جواد کلب میاں نوید نذیر، میاں کاشف فرید، حافظ امین الحق، کرکٹ ایسوسی ایشن کے خزانچی رانا ظہیر الحق، سابق سیکرٹری میاں حسیب احمد، فرخ محمود، محمد ندیم ڈس، مقصود احمد، اے ایس پی گلبرگ حسن بلال سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
آخر میں جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2025 میں کامیاب ہونے والے فیصل آباد کے کھلاڑیوں اور ٹورنامنٹس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پلیئرز، گراؤنڈ مین اور ایمپائرز میں آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا، چیف ایگزیکٹو جواد کلب شیخ جواد افضل، شیخ عماد افضل، فراز احمد، حمیداں افضل، رانا انیس احمد اور دیگر مہمانوں نے نقد انعامات، ٹرافیاں اور کٹس تقسیم کیں۔
