(Publish from Houston Texas USA)
کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی بیوروچیف )
افواج پاکستان نے جانوں کے نذرانے دیکر پاکستان ناقابل شکست بنا دیا۔ میر سرفراز بگٹی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی شہید میجر انور کاکڑ کے گھر آمد ، تعزیت و فاتحہ خوانی کی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے شہید کے بھائی کو سرکاری ملازمت کی فراہمی اور شہید کے نام سے اسکول منسوب کرنے کا اعلان کیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعرات کو میجر انور کاکڑ شہید کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے شہید کی والدہ، بھائیوں اور کمسن بیٹوں سے ملاقات کر کے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید میجر انور کاکڑ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر انور کاکڑ نے وطن کے دفاع میں اپنی قیمتی جان قربان کر کے شہادت کا اعلیٰ ترین رتبہ حاصل کیا انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں اور قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہید کی والدہ کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی باہمت مائیں قوم کی اصل طاقت اور سرمایۂ افتخار ہیں میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ شہید میجر انور کاکڑ کے بھائی خدائیداد خان کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے گی جبکہ ایک سرکاری اسکول کو شہید میجر انور کاکڑ کے نام سے منسوب کیا جائے گا تاکہ ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر شہید کی والدہ سے خطاب سے کہا کہ آپ پاکستان کے بہادر بیٹے کی باہمت والدہ ہیں اور پوری قوم کو آپ پر فخر ہے آپ جیسے بلند حوصلہ والدین کا جذبہ ہی قوم کی اصل قوت ہے۔ انہوں نے شہید کے کمسن بیٹوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا اور پیار کیا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید میجر انور کاکڑ کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے دونوں رہنماؤں نے شہید میجر انور کاکڑ کے اہل خانہ کے لیے صبر، استقامت اور درجات کی بلندی کی دعا بھی کی اس موقع پر صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان بھی موجود تھے
