(Publish from Houston Texas USA)
( راجہ محمد ایوب کارسپانڈنٹ منڈی بہاؤالدین)
قومی امن فورس کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مرکزی چیئرمین مظہر سخاوت وٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کا اصل ہیرو وہ ہے جو بلا امتیاز مذہب، فرقہ، نسل یا قوم ہر دکھی، مجبور اور بے سہارا انسان کی خدمت کرتا ہے۔مظہر سخاوت وٹو کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ خدمتِ انسانیت ہی وہ راستہ ہے جو معاشرے میں امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ جو شخص کسی بیمار کا علاج، کسی بھوکے کا پیٹ بھرنے، کسی مظلوم کی آواز بننے اور کسی مجبور کی مدد کے لیے آگے بڑھتا ہے، وہی درحقیقت پاکستان کی اصل پہچان ہے۔مظہر سخاوت وٹو نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت کو کسی شناختی کارڈ، حیثیت یا کاغذ سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔ ایک مہذب اور پرامن ریاست کی بنیاد اسی اصول پر ہوتی ہے کہ پہلے انسان کو دیکھا جائے، بعد میں اس کی شناخت کو۔ انھوں نے کہا کہ قومی امن فورس کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملک میں امن، بھائی چارے اور انسان دوستی کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، پاکستان تب مضبوط ہوگا جب انسانیت مضبوط ہوگی۔