0

ہومیوپیتھی کا معتبر ، خوددار اور متوکل معالج ڈاکٹر خالد معراج چوہدری انتقال کر گئے

(Publish from Houston Texas USA)

( محمد منصور ممتاز لاہور سے)

تُلس پورہ مقامی قبرستان میں تدفین، ہومیوپیتھک کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی کثیر شرکت
ہومیوپیتھک طب کی دنیا ایک خوددار، باوقار ،متوکل اور روحانی مزاج رکھنے والی معتبر شخصیت سے محروم ہو گئی۔ گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصہ تک ہومیوپیتھی کی ترقی و ترویج اور دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے لاہور کے معروف ہومیوپیتھک معالج ڈاکٹر خالد معراج چوہدری طویل علالت کے بعد رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
ڈاکٹر خالد معراج چوہدری ہومیوپیتھی کے شعبے میں ایک مخلص و معتبر نام ہونے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق، خودداری اور توکل علی اللہ کی عملی تصویر تھے۔ وہ عمر بھر ، ہر لمحہ ، ہر پل اور ہر حال میں آخری سانس تک اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے رہے ،
ہر دکھ ، تکلیف و بیماری میں صبر کرتے رہے اور تمام زندگی حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا کرتے رہے۔
مرحوم کی شخصیت میں سادگی، بردباری ،خودداری اور روحانیت نمایاں طور پر جھلکتی تھی۔ وہ نہ صرف ایک ماہر معالج تھے بلکہ اپنے مریضوں کے لیے ایک ہمدرد، مشفق اور مخلص رہنما بھی تھے۔ ان کے عزیز و اقارب ، سینکڑوں شاگرد اور ہزاروں مریض اس بات کے عینی شاہد ہیں کہ انہوں نے بلاامتیاز انسانیت کی خدمت کی اور اپنے علم و تجربے سے بے شمار زندگیاں سنواریں۔
مرحوم، طارق معراج چوہدری کے چھوٹے بھائی اور جنید معراج چوہدری کے بڑے بھائی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیوہ، ایک بیٹا عبداللہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں،خاندان عزیز و اقارب سمیت سینکڑوں دلوں میں بسنے والوں کو سوگوار چھوڑا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ کے بعد تدفین لاہور کے مقامی قبرستان تُلس پورہ میں عمل میں لائی گئی۔ نمازِ جنازہ اور تدفین میں ہومیوپیتھک کمیونٹی کی بڑی تعداد کے علاوہ شعبہ صحافت،وکالت، سیاست، ادب، سماجی ،مذہبی و فلاحی حلقوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے مرحوم کے بلند درجات، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر خالد معراج چوہدری کی خدمات، ان کی خودداری، روحانیت اور توکل علی اللہ پر مبنی زندگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور ہومیوپیتھی کے شعبے میں ان کا نام احترام سے لیا جاتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں