(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
جائیداد کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء میں ایف ڈی اے پنجاب میں اول، ڈیجیٹل اصلاحات سے شفافیت و آمدنی میں اضافہ. سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب نور الامین مینگل نے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی ڈیجیٹل اصلاحات کے حوالے سے کارکردگی کو سراہا گیا، کیونکہ جائیدادوں کے مالکانہ حقوق کلیئرنس سرٹیفکیٹ (او سی) کے رئیل ٹائم اجراء کے معاملے میں ایف ڈی اے نے پنجاب بھر کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں سبقت حاصل کی ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر یکساں عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ منظم اور پائیدار شہری ترقی یقینی بنائی جا سکے، جس میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کا کردار انتہائی اہم ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف ڈی اے نے جائیدادوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کرکے اسے پنجاب اربن لینڈ سسٹم انہانسمنٹ (PULSE) سے منسلک کر دیا ہے، جو شفافیت کی جانب اہم قدم ہے۔ سال 2025ء کی دیگر نمایاں کامیابیوں میں آن لائن سروسز کے ذریعے تیزرفتار عوامی ریلیف فراہم کرنا شامل ہے، جن کے تحت 9685 PSIDز (پروپرٹی سیلز آئی ڈی) کے ذریعے 48 کروڑ 58 لاکھ روپے کی وصولی عمل میں آئی۔
اسی طرح جی آئی ایس (جغرافیائی معلوماتی نظام) کے ذریعے تجارتی سڑکوں کی نشاندہی کر کے 31 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا گیا۔ ہاؤسنگ سکیموں میں یوٹیلیٹی سائٹس کی فروخت سے 15 کروڑ روپے کی اضافی آمدنی ہوئی۔ ایف ڈی اے کمپلیکس کی سولرائزیشن، حکومت سے عوام (G2P) اور حکومت سے حکومت (G2G) آن لائن ادائیگیوں کے نظام کا نفاذ، ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کی معلومات ویب سائٹ پر فراہمی، نیز ناجائز تعمیرات، تجاوزات اور غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن قابل ستائش اقدامات ہیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ محکمے کے تحت تمام اداروں کی خدمات کا معیار مزید بہتر بنانا اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات درخواست گزاروں کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نئے تقاضوں سے ہم آہنگ تیز رفتار شہری ترقی کے لیے تمام انتظامی مشینری فعال کریں اور اپنی استعداد کار میں اضافہ کریں، جو موجودہ پنجاب حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی احسن تکمیل کے لیے ناگزیر ہے
