(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو/سیکرٹری اوورسیز پاکستانی کمیشن منڈی بہاؤالدین محمد جعفر چوہدری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی ، اٹارنی،پراسیکیوشن وریونیو افسران ، ممبر اورسیز کمیٹی سمیت مختلف محکموں کے افسران، درخواستگزار اور اوورسیز پاکستانیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل جن میں اراضی پر قبضوں،مشترکہ راستوں پرآمدورفت میں رکاوٹ، جائیدادوں کی وراثتی تقسیم،رقوم کے لین دین، تجاوزات، دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل 12 شکایات زیر بحث لائی گئیں، 05 درخواستوں کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کر دئیے گئے جبکہ بقیہ کیسز سے متعلق مختلف محکموں کے افسران کو اپنی پراگریس رپورٹ اور بعض زیر التوا کیسزمیں فوری کاروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد جعفر کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیز پاکستان کی شناخت اور سفیر ہیں ان کے مقامی سطح پرمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لیں اوراعلیٰ حکام کی جانب سے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کے مفادات کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ نا جائز قابضین اور دھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور کسی فریق کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
