(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
منڈی بہاؤالدین میں تعینات ہونے والے نئے ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے۔ دفتر آمد پر سینئر افسران اور سٹاف نے ان کا استقبال کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد جعفر چوہدری،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس ، اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر وڑائچ ، سی ای او ایجوکیشن ضیاءاللہ عباسی ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد ، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز رانا سعید اللہ خان،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رضوان بشیر آغا، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد فیاض وڑائچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی افسران کے ساتھ مختصر تعارفی ملاقات کی ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کی بنیادی ذمے داری عوام کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مشکلات کا خاتمہ ہے۔تمام افسران صبح 9بجے دفاتر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنے فرائض ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دیں ۔ کسی بھی محکمہ میں کرپشن کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سائلین کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے رہیں گے ۔ ضلع منڈی بہاﺅالدین کو ایک ماڈل ضلع بنانے کی بھر پور کوشش کی جائے گی جس کیلئے تمام افسران کے ساتھ ، سول سوسائٹی، میڈیا سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔
