(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت کسانوں کو دہلیز پر بروقت ویٹرنری سہولیات کی فراہمی، موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم
فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک حکومت پنجاب کی جانب سے فیلڈ سروس ڈیلیوری کو مؤثر، تیز رفتار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ضلع جھنگ میں پیراویٹرنری سٹاف کو بلا سود اور آسان اقساط پر کسٹمائزڈ موٹر سائیکلوں کی فراہمی کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
یہ تقریب لائیوسٹاک کمپلیکس جھنگ میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ بلال افتخار کیانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جھنگ عامر محمود، سابق رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطان سکندر بھروانہ، ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع جھنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک جھنگ نے شرکت کی۔ مہمانوں نے پیراویٹرنری سٹاف میں موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت فیلڈ سٹاف کو موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے مویشی پال کسانوں کو ان کی دہلیز پر بروقت، مؤثر اور معیاری ویٹرنری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی تقسیم کا یہ عمل مرحلہ وار جاری ہے تاکہ دور دراز اور پسماندہ دیہی علاقوں میں خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب فیلڈ سٹاف کی سہولیات میں بہتری کے لیے پُرعزم ہے اور اس اقدام سے نہ صرف فیلڈ میں نقل و حرکت آسان ہوگی بلکہ لائیوسٹاک سروسز کی مجموعی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی، جس کا براہ راست فائدہ کسان برادری اور صوبے کی معیشت کو پہنچے گا۔
