(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب بیوررو چیف منڈی بہاؤالدین)
ڈائریکٹر لائیو سٹاک گجرات ڈویژن ڈاکٹر محمود اعجاز نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک منڈی بہاؤالدین ڈاکٹر ممتاز بیگ کے ہمراہ دورہ کر کے محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی بارے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک منڈی بہاؤالدین ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیو سٹاک، ویٹرنری آفیسرزاور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے ضلع بھر میں محکمہ لائیو سٹاک کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ سرگرمیوں، جانوروں کی صحت و افزائش نسل، ویکسی نیشن پروگرامز، حفاظتی ٹیکہ جات، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز، مصنوعی نسل کشی، پی ٹیسٹ، جینیاتی بیماریوں کے کیسز، SPMS اپ لوڈنگ سمیت کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمود اعجاز کا کہنا تھا کہ لائیو سٹاک بریڈرز اور فارمرز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی خدمت ہمارا اولین فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی کا براہ راست تعلق دیہی معیشت اور کسانوں کی خوشحالی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اور فیلڈ سٹاف اپنی ذمہ داریاں ایمانداری پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی جبکہ سستی اور غفلت پر واضح ہدایات بھی جاری کیں۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گجرات ڈویژن میں محکمہ لائیو سٹاک کو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ کرتے ہوئے کسان دوست اقدامات کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے لائیو سٹاک لیبارٹری کا دورہ کیا اور افسران و عملے کی محنت، نظم و ضبط اور کسان دوست خدمات کو خوب سراہا۔
