0

رہائشی علاقے میں جعلی شہد بنانے والا گھر نما یونٹ بے نقاب 2 من سے زائد جعلی شہد، 150 بوتلیں اور کیمیکل مواد ضبط، ملزم کیخلاف مقدمہ درج

(Publish from Houston Texas USA)

(محمد منصور ممتاز سے لاہور )

لاہور میں جعلی شہد کی تیاری کا مکروہ کاروبار بے نقاب کر دیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر بادامی باغ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے رہائشی علاقے میں قائم گھر نما یونٹ کو سیل کر دیا گیا، جہاں کھلے رنگوں اور کیمیکلز کے ذریعے جعلی شہد تیار کیا جا رہا تھا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کے دوران 2 من سے زائد جعلی شہد، گلاب کی پتیاں، سونف، چینی، گلوکوز سیرپ اور 150 خالی و تیار شدہ بوتلیں ضبط کر کے تلف کر دیں۔ جعلی شہد کی تیاری میں ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویجیلینس ٹیم نے خفیہ ریکی کے بعد یونٹ کا سراغ لگایا، جہاں شہد میں مصنوعی اجزاء اور کیمیکلز کی ملاوٹ کی جا رہی تھی جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ ناقص اور جعلی شہد کا استعمال سنگین بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، خوراک میں ملاوٹ ایک گھناؤنا جرم ہے جس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ صحت دشمن عناصر کی نشاندہی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی 1223 ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں