(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
ڈی آئی جی جیل خانہ جات پنجاب عبدالرؤف رانا نے سپرنٹنڈنٹ جیل حق نواز کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین کا ماھانہ دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل شیخ عارف نثار،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مصعب بلال گوندل ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نارووال شہزاد اسلم ججہ اور دیگر جیل افسران بھی موجود تھے ۔ عبدالرؤف رانا ڈی آئی جی نے جیل کی مختلف بیرکس ، چکیوں ، لنگر خانے،نوعمر وارڈ اور ڈسپنسری کا معائنہ کیااور جیل ہسپتال میں داخل مریضوں کی تیمارداری بھی کی ۔انھوں نے جیل انتظامیہ کو ان بیمار قیدیوں کے بہتر ین علاج معالجہ کی ہدایات جاری کیں۔انھوں نے ” ہنر مند اسیران پروگرام “کے تحت جیل کےاندر قیدیوں کو ہنر مند بنانے کے لئے شروع کئے گئے مختلف پروگرامز کپڑوں کی سلائی ،ائیر کنڈیشنر ، موٹر سائیکل مکینک کورس اور بجلی کے بلب بنانے کے یونٹ کا دورہ کیا اور قیدیوں کو کام کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ۔ انھوں نے جیل کے اندر بڑے لنگر خانے کا بھی معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی اور اشیائے خوردونوش کا جائزہ لیا ۔ڈی آئی جی نے جیل میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق جیل اسیران کو کھانا فراہم کرنے پر سپرنٹنڈنٹ جیل حق نواز کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے اچھے کاموں پر شاباش دی ، عبدالرؤف رانا نے سپرنٹنڈنٹ جیل حق نواز کی کاوشوں سے جیل کے اندر تعمیر ہونے والی نئی خوبصورت مسجد میں بھی گئے اور وہاں نوافل ادا کیے ۔ اس سے قبل ڈی آئی جی جیل رانا عبدالرؤف ڈسٹرکٹ جیل پہنچے تو جیل کے چاک و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنرز پیش کیا اور سلامی دی ۔
