0

کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے زیر صدارت اجلاس، افغان مہاجرین کے حوالے سے آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

(Publish from Houston Texas USA)

(سید سردار محمد خوندئی بیوروچیف کوئٹہ )
کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت افغان باشندوں اور دیگر غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ایف آئی اے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شریک تھے، جبکہ ڈی آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، ایس پی قلعہ عبداللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے آن لائن شرکت کی۔۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں اور دیگر غیر قانونی افراد کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کرتے ہوئے ہفتے میں دو بڑے آپریشن کیے جائیں گے، جبکہ ہوٹلوں، سرائے اور بس اڈوں پر بھی خصوصی چیکنگ کا سلسلہ مزید سخت کیا جائے گا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں 30 ہزار سے زائد غیر قانونی مقیم افراد کو وطن واپس بھجوایا گیا ہے۔تاہم الیکشن کی تیاریوں اور افسران کی مصروفیات کے باعث گزشتہ ہفتوں میں کارروائیاں متاثر رہیں۔ اگلے ہفتے سے چاروں تحصیلوں میں چیکنگ کا سلسلہ چار دن تک بڑھا دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ نے بتایا کہ اب تک 23 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور ہوٹلوں و اڈوں پر پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشین نے اجلاس کو بتایا کہ پشین کے دو بڑے افغان کیمپوں میں پہلے 35 ہزار سے زائد افراد مقیم تھے جن میں سے 34 ہزار کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔کیمپوں کو ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی افراد کی دکانوں کو سیل اور مسمار بھی کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر کوئٹہ ڈویژن میں اب تک 82 ہزار سے زائد غیر قانونی افراد کی واپسی عمل میں لائی جاچکی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض غیر ملکی افراد فیک شناختی کارڈز کے ذریعے شہری علاقوں میں چھپ کر رہ رہے ہیں، جس کے باعث کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ تاہم اس کے لیے نیا میکانزم تیار کر لیا گیا ہے اور تصدیقی عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے۔کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ، پولیس، ایف سی اور ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔زیادہ سے زیادہ افراد کو جلد از جلد وطن واپس بھیجنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے۔ہوٹلوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر سخت چیکنگ یقینی بنائی جائے۔تمام کارروائیوں کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر اپڈیٹ کر کے رپورٹس ارسال کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مربوط کوششوں سے جلد تمام غیر قانونی افراد کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں