0

سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خواجہ سلمان رفیق

(Publish from Houston Texas USA)

(محمد منصور ممتاز لاہور سے)

آر ایم یو کو پاکستان کی ٹاپ رینکنگ یونیورسٹی قرار دینے پر وائس چانسلر کو خراجِ تحسین

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن لاہور میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا 19واں سینڈیکیٹ اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اور سینڈیکیٹ ممبر ضیاء اللہ شاہ، رکن پنجاب اسمبلی راجہ حنیف سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر، طاہر شہباز، پرنسپل پروفیسر محمود خرم اور دیگر ممبران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سدرہ سلیم، ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاؤنٹس حماد الرب، محکمہ قانون کے شاہد امتیاز اور طارق سعید کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے انوار گیلانی بھی موجود تھے۔

سینڈیکیٹ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو پاکستان کی ٹاپ رینکنگ یونیورسٹی قرار دینے پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ 18ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینے اور انسٹی ٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے لیے سیلف سسٹین ایبل ماڈل کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ہولی فیملی ہسپتال اور بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے لیے ایم آر آئی کنٹریکٹ، وینٹی لیٹر سروس، بوائلر کی مرمت، فرنیچر اور دیگر انتظامی امور کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ریگولر بجٹ کے علاوہ ادویات کے بقایاجات کی فوری ادائیگی کے لیے 22 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ صوبے کی میڈیکل یونیورسٹیز کے مالی معاملات میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ طبی درسگاہوں میں جدید تحقیق کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے میڈیسن، گیسٹرو اینٹرولوجی اور سائیکائٹری میں پی ایچ ڈی پروگرامز کی منظوری کو راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی بڑی پیش رفت قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں