(Publish from Houston Texas USA)
( محمد منصور ممتاز لاہور سے )
خلیفۂ رسولؓ کی زندگی تقویٰ، صداقت، قربانی اور وفاداری کی اعلیٰ مثال ہے، ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ آپؓ وہ ہستی ہیں جنہیں رسولِ اکرم ﷺ نے ’’ثانیَ اثنین‘‘ کا اعزاز عطا فرمایا، خطبۂ جمعہ
دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظمِ اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی حیاتِ مبارکہ انسانیت کے لیے مینارِ نور کی حیثیت رکھتی ہے۔ خلیفۂ رسولؓ کی پوری زندگی تقویٰ، صداقت، قربانی، وفا اور اخلاص کا ایسا بے مثال مجموعہ ہے جس سے رہنمائی لے کر ہر دور میں اسلامی معاشرے کو سنوارا جاسکتا ہے۔
جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ وہ عظیم ہستی ہیں جنہیں رسولِ اکرم ﷺ نے ’’ثانیَ اثنین‘‘ کا شرف عطا فرمایا اور غارِ ثور کی رفاقت سے ممتاز کیا۔ آپؓ کا لقب ’’صدیق‘‘ کامل ایمان، سچائی اور استقامت کی روشن دلیل ہے۔
علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ خلافت سنبھالتے ہی سیدنا صدیق اکبرؓ نے امتِ مسلمہ کو درپیش شدید آزمائشوں کا مقابلہ بصیرت، تدبر اور عزمِ صادق کے ساتھ کیا۔ فتنۂ ارتداد کا خاتمہ، جھوٹے مدعیانِ نبوت کی سرکوبی، جمعِ قرآن جیسے عظیم کارنامے اور ریاستِ اسلامی کی مضبوط بنیادوں کی تشکیل آپؓ کی مدبرانہ قیادت کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی فکری و عملی رہنمائی کے لیے سیرتِ صدیقؓ ایک کامل نمونہ ہے۔ سیدنا صدیق اکبرؓ نے اسلام کے ابتدائی اور مشکل ترین دور میں بے مثال قربانیاں دیں، مالی تعاون کیا اور رسالت مآب ﷺ کے ساتھ وفاداری و اخلاص کی وہ مثالیں قائم کیں جو ہمیشہ تاریخ میں روشن رہیں گی۔ آپؓ کا طرزِ خلافت آج بھی عدل و شفافیت کے ساتھ ریاستی امور چلانے کے لیے بہترین ماڈل پیش کرتا ہے۔
