(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب بیورو چیف منڈی بہاؤ الدین)
ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب ریجنل آفس منڈی بہاؤالدین محترمہ آصفہ گل نے 13سال بعد بیوہ خاتون کا پنشن کیس کا مسئلہ حل کر وادیا،اکاؤنٹ آفس نے بیوہ خاتون کے نام 26لاکھ 10ہزار روپے کا چیک جاری کر دیا، خاتون نے چیک ملنے پر صوبائی محتسب کا شکریہ ادا کیا،تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ سیکنڈری سکول مانگٹ کے ایس ایس ٹی ٹیچر محمد نواز کا 2012میں انتقال ہو گیا تھا،ٹیچر محمد نواز مرحوم کی بیوہ شائستہ نواز نے پنشن کے حصول کے لئے متعلقہ محکمہ کو درخواست دی ، بیوہ خاتون 13سال تک پنشن کے حصول کے لئے مختلف دفاتر کے چکر لگاتی رہی لیکن کسی نے بیوہ خاتو ن کا یہ مسئلہ حل نہ کیا،چند ہفتے قبل مرحوم ٹیچر محمد نواز کی بیوہ شائستہ نواز نے ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب ریجنل آفس منڈی بہاؤ الدین آصفہ گل کے پاس پیش ہو کر تمام حالات او ر واقعات بتائے اور سرکاری محکموں کے اہلکاروں کی طرف سے 13سال تک بار بار دفاتر کے چکر لگوانے کے بارے میں رو رو کر آگاہ کیا،جس پر ایڈوائرزر صوبائی محتسب محترمہ آصفہ گل نے بیوہ خاتون کی پنشن کیس کو انتہائی سنجیدہ لے کر صوبائی محتسب پنجاب محترمہ عائشہ حامد کو اس پنشن کیس کے بارے میں تفصیلی رپورٹ بھجوائی ۔ جس پر صوبائی محتسب پنجاب محترمہ عائشہ حامد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو بیوہ خاتون کی پنشن کا کیس فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے،صوبائی محتسب پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس منڈی بہاؤالدین نے بیوہ خاتون شائستہ نواز کو 26 لاکھ10ہزار روپے کا چیک جاری کر دیا ہے جس پر شائستہ نواز نے 13سالہ پرانا پنشن کیس حل کروانے پر صوبائی محتسب پنجاب محترمہ عائشہ حامد اورایڈوائزر ریجنل آفس منڈی بہاؤ الدین محترمہ آصفہ گل کاشکریہ ادا کیا ہے۔ اس موقع پر ایڈوائزر صوبائی محتسب محترمہ آصفہ گل کا بیورو چیف روزنامہ سماء لاہور و نمائندہ پی ٹی وی نیوز منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محتسب پنجاب کے دفاتر میں شکایت درج کروانے کے لئے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں ہے اور نہ ہی سائل کو کسی وکیل کی ضرورت ہے عوالناس بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کروائیں ان کی مکمل داد رسی کی جائے گی ۔
