(Publish from Houston Texas USA)
( محمد منصور ممتاز سےلاہور )
ہمت کارڈ، معاون آلات اور سپیشل گیمز خصوصی افراد کی فلاح میں سنگِ میل،سہیل شوکت بٹ
عالمی یومِ افرادِ باہم معذوری کے موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق خصوصی افراد کی شمولیت، حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد معاشرے کے ہر فرد کو باعزت مقام دینا اور خصوصی افراد کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہے۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ ہمت کارڈ، وہیل چیئرز و دیگر معاون آلات کی فراہمی اور وزیر اعلیٰ سپیشل گیمز جیسے انقلابی اقدامات خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کا روشن آغاز ہیں، جن سے ہزاروں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کا عالمی تھیم “سماجی ترقی کے لیے معاشرتی شمولیت” ہے، اور اسی تناظر میں محکمہ سوشل ویلفیئر خصوصی افراد کے لیے کئی نئے اہم منصوبے شروع کرنے جا رہا ہے، جن کا مقصد انہیں روزگار، تعلیم، کھیل اور سماجی مواقع کی مساوی فراہمی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت خصوصی افراد کو مضبوط، بااختیار اور خود مختار دیکھنا چاہتی ہے، اسی لیے پالیسی سطح پر بھی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
