(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی قیادت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تاریخی کارروائیاں
فیصل آباد : سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی مؤثر قیادت میں فیصل آباد پولیس نے رواں سال اشتہاری ملزمان کے خلاف بھرپور اور کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث ہزاروں مجرمان کو گرفتار کر لیا۔ مختلف تھانہ جات کی ٹیموں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مجموعی طور پر 6541 اشتہاری ملزمان کو پکڑ کر پابندِ سلاسل کیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان میں 2381 اے کیٹیگری کے انتہائی خطرناک، جبکہ 4160 بی کیٹیگری کے اشتہاری شامل ہیں۔ پولیس نے بہترین حکمتِ عملی اور مربوط پلاننگ کے ذریعے سالہا سال سے مطلوب انتہائی سنگین مقدمات کے مجرمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔
پولیس نے کارروائیوں کے دوران قتل کے 262 ملزمان، اقدام قتل کے 243 ملزمان، جبکہ ڈکیتی اور راہزنی میں ملوث 2065 ملزمان کو گرفتار کیا، جو رواں سال کی سب سے بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پیشہ وارانہ مہارت، بہترین ٹیم ورک اور مضبوط نگرانی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار شدہ تمام ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔
سی پی او نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جا رہا ہے اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ فیصل آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے
