(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد : ستھرا پنجاب پروگرام سے وابستہ ورکر نصرت بی بی نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ڈیوٹی کے دوران ملنے والی 9 لاکھ روپے کی رقم امانت داری کے ساتھ اس کے اصل مالک کو واپس کر دی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اس شاندار عمل پر نصرت بی بی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں ضلعی انتظامیہ کا فخر قرار دیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے نصرت بی بی کی دیانت داری کے اعتراف میں 3 لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی شیلڈ پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر نے انعام دیتے ہوئے کہا کہ نصرت بی بی کا کردار ستھرا پنجاب ٹیم کیلئے ایک روشن مثال ہے جس پر پوری ضلعی انتظامیہ کو فخر ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید اعلان کیا کہ نصرت بی بی کے بیٹے کو نوکری فراہم کی جائے گی تاکہ محنت کش خاندان کو بہتر سہارا مل سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے فوراً خاتون ورکر کی تنخواہ میں اضافے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایماندار اور فرض شناس عملے کی ہمیشہ مکمل سرپرستی کرے گی، کیونکہ ایسے افراد ہی معاشرے میں اعتماد اور مثبت روایت پیدا کرتے ہیں ۔۔
