(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے جھنگ روڈ کا دورہ کرتے ہوئے نئی 72 انچ پائپ لائن کی تنصیب کے لیے مجوزہ روٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ پائپ لائن بچھانے کے دوران کسی بھی مقام پر مین جھنگ روڈ کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف آباد اور ملحقہ رہائشی علاقوں کے دیرینہ سیوریج مسائل کے مستقل اور جامع حل کے لیے نیا پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت سیف آباد کے سیوریج کے مؤثر ڈسپوزل کے لیے 72 انچ قطر کی جدید پائپ لائن بچھائی جائے گی جس کے روٹ کو حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ ایم ڈی واسا کے دورے کے دوران ڈائریکٹر آپریشنز ویسٹ مخدوم بابر نے پائپ لائن کی تنصیب سے متعلق بریفنگ دی۔ سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت نئی ترقیاتی سکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں جو آئندہ مالی سال کے اختتام تک ہر صورت مکمل کر لی جائیں گی جس کے بعد مون سون سیزن کے دوران سیوریج سے متعلق مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
