(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب / بیورو چیف منڈی بہاؤالدین )
ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب ریجنل آفس منڈی بہاؤالدین میڈم آصفہ گل نے کہا ہے کہ منڈی بہاؤالدین میں صوبائی محتسب پنجاب کے دفتر کا بنیادی مقصد صوبائی محکموں سے متعلق شکایات کا ازالہ کر کے عام لوگوں کو ان کی دہلیز پر فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا ہے۔ عوام الناس کی محکموں کے خلاف شکایات اور ان کو فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے بیورو چیف سماء لاہور ضلع منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محترمہ آصفہ گل کا کہنا تھا کہ محتسب پنجاب کے دفاتر میں شکایت درج کروانے کے لیے کسی قسم کی کوئی فیس نہ ہے اور نہ ہی سائل کو وکیل کی ضرورت ہوتی ہے، سائل کی شکایت براہ راست سنی جاتی ہے اور بعض اوقات فوری حل طلب شکایات کا موقع پر ہی فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔ ایڈوائزر محتسب نے صوبائی محکمہ جات کے خلاف بد انتظامی، بد نظمی، بےجا تاخیر اور بدعنوانی اور کرپشن کی صورت میں حصول انصاف کے لیے محتسب پنجاب ریجنل آفس منڈی بہاؤالدین سے رجوع کرنے پر زور دیا۔
