0

منڈی بہاؤالدین میں ٹریفک قوانین پر سخت ایکشن — 3 دن میں 2,498 چالان

(راجہ محمد ایوب / بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا مہذب قوموں کا شیوہ ہے، عوام الناس کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے ریگولر بنیادوں پرضلع بھر میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر راشد بشیر کھٹانہ کے ہمراہ منڈی بہاؤالدین کے مختلف مقامات پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ ڈی پی او سید عبدالرحیم شیرازی کا بیورو چیف سماء لاہور راجہ محمد ایوب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے تین دن کے اندر مجموعی طور پر 2 ہزار 498 چالان کیے، اس دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ٹریفک پولیس نے 40 لاکھ 39 ہزار 150 روپے کے جرمانے عائد کئے، جب کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف 151 سے زائد ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ڈی پی او سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ 910 سے زائد وہیکلز کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔ اس موقع پر پی آر او ٹو ڈی پی او سب انسپکٹر ریاست علی بھی موجود تھے ۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران کم عمر ڈرائیونگ، اوورلوڈنگ و اووراسپیڈنگ، بغیر لائسنس ڈرائیونگ اور غلط پارکنگ اور اسی طرح بغیر نمبر پلیٹ، زیبرا کراسنگ، غلط سائیڈ، سیٹ بیلٹ و موبائل فون استعمال سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر بھی متعدد کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ، جبکہ کمرشل وہیکلز فٹنس چیکنگ، ٹریفک آگاہی مہم اور لائسنس اجرا میں بھی نمایاں کارکردگی سامنے آئی۔ ڈی پی او سید عبدالرحیم کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب کےویژن کے تحت عوام کی جان اور مال کی حفاظت کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے ۔ عوام کی حفاظت اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں