0

فیصل آباد میں منشیات کے خلاف خصوصی مہم؛ بڑے پیمانے پر کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات اور شراب برآمد

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر منشیات کے خاتمے کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوسرے روز بھی پولیس کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں۔ مختلف تھانوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 36 کلو گرام سے زائد منشیات اور بھاری مقدار میں شراب برآمد کر لی گئی جبکہ 32 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اصغر، وسیم، شعیب، فاروق، سرفراز، اعظم، ساجدہ پروین سمیت دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 15 کلو 720 گرام چرس، 9 کلو 540 گرام ہیروئن، 1 کلو 20 گرام آئس، 10 کلو 60 گرام بھکی اور 278 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے بیک ٹریک سورسز کے بارے میں تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر سی پی او فیصل آباد نے واضح کیا کہ گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں، سپلائرز اور ان کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا اور شہر کو منشیات کے زہر سے پاک کرنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں