(Publish from Houston Texas USA)
(محمد منصور بٹ سے لاہور)
پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کے 37ویں اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جس کے تحت لاہور جنرل ہسپتال کو بون بینک، بون میرو اور کورنیئل ٹرانسپلانٹیشن جبکہ ڈاکٹرز ہسپتال اینڈ میڈیکل سینٹر کو رینل ٹرانسپلانٹیشن کی اجازت دے دی گئی۔
اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز سمیت متعلقہ محکموں اور میڈیکل سوسائٹیز کے نمائندگان شریک ہوئے۔ ڈاکٹر عارف ندیم اور ٹرانسپلانٹیشن سوسائٹی سے ڈاکٹر محمد یاسر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں 36ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی اور منٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ پی ہوٹا کے لیے آئی ٹی سروسز کے حصول اور ٹرانسپلانٹیشن و آئی بینکنگ کے لیے ڈیزیزڈ کورنیئل گائیڈ لائنز کی منظوری بھی دی گئی۔
خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پی ہوٹا کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ہوٹا کے نظام کے ذریعے ہزاروں انسانی جانیں محفوظ بنائی جا رہی ہیں۔
