(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب نے ویٹرنری خدمات کو پیشہ ورانہ معیار، تیز تر فراہمی اور مقامی سطح پر مؤثر رسائی سے ہمکنار کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
اسی سلسلے میں ضلع چنیوٹ میں ویٹرنری سٹاف میں موٹر بائیکس کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع چنیوٹ ڈاکٹر عطا سبحانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تحصیل چنیوٹ ڈاکٹر محمد واجد کے ہمراہ ضلع چنیوٹ کے 28 سینئر ویٹرنری آفیسرز اور ویٹرنری آفیسرز میں موٹر بائیکس تقسیم کیں۔
موٹر بائیکس ویٹرنری سٹاف کو بلاسود اور آسان اقساط پر فراہم کی جا رہی ہیں، جو دیہی و دور دراز علاقوں میں بروقت ویٹرنری خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانے میں ایک مؤثر اقدام ہے۔
مولانا الیاس چنیوٹی نے کہا کہ یہ اقدام فیلڈ میں نقل و حرکت کو بہتر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے مویشی پال حضرات کو بروقت اور مؤثر ویٹرنری خدمات ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گی۔
ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے کہا کہ موٹر بائیکس کی فراہمی سروس ڈیلیوری کے معیار کو بلند کرنے اور دور دراز علاقوں میں فوری رسائی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی
