0

گنے سے لدی ڈبل ٹرالیوں پر مکمل پابندی، کسانوں اور ڈرائیوروں کے لیے ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس منڈی بہاؤالدین کی سخت ٹریفک ایڈوائزری جاری

(Publish from Houston Texas USA)

(راجہ محمد ایوب بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر راشد بشیر نے گنا لانے والے کسانوں کاشتکاروں اور ڈرائیوروں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ۔راشد بشیر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر نے کہا ہے کہ گنے سے لدی ہوئی ڈبل ٹرالی روڈ پر لانا ہر صورت ممنوع ہے کیونکہ اس سے نہ صرف سڑکوں پر رش بڑھتا ہے بلکہ رات کے وقت حادثات کے امکانات بھی شدید ہو جاتے ہیں۔ بیورو چیف سماء و نمائندہ پی ٹی وی نیوز منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راشد بشیر نے کہا کہ اس سلسلہ میں ڈرائیور حضرات کو باور کرایا جا رہا ہے کہ زیادہ لوڈ شدہ ڈبل ٹرالی قابو میں نہیں رہتی اور معمولی سی غلطی کسی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے اس لیے گنا لانے والے تمام ڈرائیورز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ڈبل ٹرالی کا استعمال مکمل طور پر ترک کر دیں ، تمام مالکان اور کسانوں کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹرالیوں کے پیچھے واضح لائٹس اور معیاری ریفلیکٹر لگانا لازم ہے تاکہ سڑک پر آنے والی تمام گاڑیوں کو وقت پر نظر آسکے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور جو بھی شخص ان ہدایات پر عمل نہ کرے گا اس کے خلاف فوری کارروائی ہوگی ، ڈبل ٹرالی چلانے والے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں