(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
اربن ڈویلپمنٹ، ماسٹر پلاننگ اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ . فیصل آباد: گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے افسران پر مشتمل تین رکنی ٹیم نے ایف ڈی اے کمپلیکس کا دورہ کیا اور بریفنگ سیشن میں شرکت کی۔ ٹیم میں ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اظہار اللہ، چیف انجینئر عارف حسین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد مصطفی شامل تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور بریفنگ کے دوران انہیں ایف ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ اختیار، لیگل فریم ورک، اربن ڈویلپمنٹ کے امور، ذرائع آمدن اور مختلف ترقیاتی پالیسیوں پر عملدرآمد کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، پی ایس او شبیر ساجد گجر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے جی ڈی اے کے افسران کے ساتھ ایف ڈی اے کی ورکنگ سے متعلق اپنے انتظامی تجربات اور مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کے ذرائع آمدن میں اضافہ کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے تیز رفتار سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے پیری اربن سٹرکچر پلان کے نمایاں پہلوؤں، بلڈنگ کنٹرول، ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری اور اربن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مستقبل کی پلاننگ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی ہاؤسنگ کے شعبے میں ایک میگا پراجیکٹ ہے جہاں زندگی کی تمام بنیادی اور جدید سہولیات دستیاب ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپورٹس کمپلیکس قائم کیا گیا ہے جہاں عالمی معیار کی ان ڈور گیمز کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور اس کے انتظامی امور کمشنر فیصل آباد کی سربراہی میں قائم مینجمنٹ کمیٹی کی نگرانی میں چلائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے شہر کی ماسٹر پلاننگ، ترقیاتی اور انتظامی امور میں درپیش مختلف چیلنجز سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اظہار اللہ نے بہترین مہمان نوازی پر ڈی جی ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا اور جی ڈی اے کی ماسٹر پلاننگ کے چند اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے ایف ڈی اے کی ترقیاتی حکمت عملی، انتظامی امور، دائرہ اختیار اور قوانین پر عملدرآمد کی پالیسیوں کے بارے میں قیمتی آگاہی حاصل ہوئی اور افسران کے تجربات سے بھرپور استفادہ کا موقع ملا۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے اظہار اللہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی
