(منجانب: راجہ محمد ایوب، نامہ نگار منڈی بہاؤالدین)
سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کرن خورشید اور ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین قریشی کی ہدایت پر کنزیومر پروٹیکشن کونسل کا ماہانہ اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صارفین کے حقوق کے تحفظ، زیر التواء درخواستوں اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پنجاب حکومت نے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ قائم کر دی ہے اور اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ سیشن ججز اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ججز کو اختیارات تفویض کیے گئے ہیں، تاکہ شہری اپنی شکایات کا بروقت ازالہ کر سکیں۔ پنجاب کے مزید 17 اضلاع میں کنزیومر کونسلز قائم کی گئی ہیں اور انہوں نے اپنا کام کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن آفیسر چوہدری محمد فاروق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع گجرات کی تمام تحصیلوں میں صارفین کی درخواستیں باقاعدگی سے وصول کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اطہر لطیف، کنزیومر ایسوسی ایشن کے صدر منور کھوکھر سمیت دیگر نمائندوں اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صارفین کے حقوق کے حوالے سے آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے گا اور سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع سے عوام کی زیادہ سے زیادہ رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
