0

کوہاٹ میں لیڈی ڈاکٹر مہوش کے قتل پر شدید ردِعمل، ہسپتال سیکیورٹی ایکٹ فوری نافذ کیا جائے ؛پی ایم اے

(Publish from Houston Texas USA)

لاہور (محمد منصور ممتاز سے)

ڈاکٹر مہوش کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار، ملزم کی فوری گرفتاری اور سزا کا مطالبہ

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) لاہور نے کوہاٹ میں مریض کے اہل خانہ کے ہاتھوں ایک لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے سنگین خطرے کی علامت قرار دیا ہے۔ پی ایم اے لاہور نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر مہوش کے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پی ایم اے لاہور نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے اور میڈیکل کمیونٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔
یہ مطالبات پی ایم اے ہاؤس لاہور میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت صدر پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک نے کی۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر ارم شہزادی، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق، ڈاکٹر اظہار چوہدری، ڈاکٹر کامران سعید، ڈاکٹر تنویر انور، ڈاکٹر نادر خان، ڈاکٹر احمد نعیم اختر اور ڈاکٹر مریم فاطمہ سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ یہ سانحہ پاکستان میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ملک بھر میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ غیر محفوظ ہے۔
عہدیداران نے زور دیا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی حفاظت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ہسپتال سیکیورٹی ایکٹ کو فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے، بصورت دیگر عوامی صحت کا نظام ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار ہو سکتا ہے۔

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں