(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ شہر کی 40 اہم شاہرات پر جاری پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس کی فعالی، کرو اسٹونز کی پینٹنگ اور لین مارکنگ کے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مقرر کردہ نگران افسران سے سڑکوں پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ تمام مقررہ اہداف کی تکمیل تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی کے واضح احکامات کے تحت شہر بھر میں شاہرات پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پیچ ورک سمیت دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ کمشنر نے سرگودھا روڈ پر پولز کی تنصیب اور سٹریٹ لائٹس کے فعال ہونے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کیں۔ انہوں نے واسا اور میونسپل کارپوریشن کو کورڈ سائیڈ واکس اور ڈرینز کو کور کرنے کے جاری کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ کور لگانے سے قبل ڈرینز کی مکمل ڈی سلٹنگ یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر کمشنر نے پی ایچ اے کو پارکوں کی بحالی کے حوالے سے تفویض کردہ اہداف کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ پارکوں کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ بنانے کے لیے اقدامات میں کسی قسم کی سستی نہیں ہونی چاہیے۔
