(Publish from Houston Texas USA)
(طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی ہدایت پر کرسمس کے موقع پر مسیحی عبادت گاہوں ، اور مذہبی تقریبات کے تحفظ کے لیے ساہیوال پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں کرسمس سکیورٹی کے لیے جامع اور تھری لئیر سکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔ضلع پولیس، ٹریفک پولیس اور ایلیٹ فورس کے چاک و چوبند دستے اس وقت فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچز، پارکس، قبرستانوں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری الرٹ رکھی گئی ہے۔کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں مجموعی طور پر 143 چرچز پر پولیس نفری تعینات ہے جن میں کیٹیگری A کے 05، کیٹیگری B کے 34 اور کیٹیگری C کے 104 چرچز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 06 پارکس، 03 مسیحی قبرستانوں اور دیگر 09 اہم مقامات پر بھی پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔چرچز اور حساس مقامات کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس کے ذریعے سخت چیکنگ جاری ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ گشت اور پٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور ہر مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے اہم شاہراہوں، پارکنگ ایریاز اور چرچز کے اطراف ٹریفک پولیس بھی مسلسل ڈیوٹی انجام دے رہی ہے۔اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے تمام افسران کو خود فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مسیحی برادری کی خوشیوں میں امن و امان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
