(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب ڈسٹرکٹ بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
ڈی سی آفس میں افسران اور عملے کی حاضری چیک، دفتری امور کی شفاف اور تیز رفتار انجام دہی، اور تعمیراتی معیار و حفاظتی اقدامات کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر چوہدری نے ڈی سی آفس کی مختلف برانچز کا اچانک دورہ کیا، افسران اور عملے کی حاضری چیک کی اور ڈی سی آفس میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر چوہدری نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد جعفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس اسسٹنٹ کمشنر لیفٹیننٹ اسفند یار ، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس محمد نواز کے ہمراہ مختلف شعبہ جات میں جا کر سروس ڈیلیوری، فائل ورک اور عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو چیک کیا۔انہوں نے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ دفتری امور کو تیز رفتار اور شفاف انداز میں نمٹایا جائے تاکہ سائلین کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے تعمیراتی معیار، رفتارِ عمل اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام مقررہ مدت میں اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈی سی آفس عوامی خدمت کا مرکز ہے، اس لیے یہاں نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور بہترین انتظامی کارکردگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو خوشگوار اور سہل ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ دفتری اوقاتِ کار کی پابندی کو اپنا شعار بنایا جائے کیونکہ سرکاری دفاتر میں بروقت حاضری اور مکمل توجہ کے ساتھ فرائض کی انجام دہی ہی عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنا سکتی ہے۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔