(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایف ڈی اے کمپلیکس کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی ایف ڈی اے عمارت کی چھت پر گئے جہاں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اسٹاف کو ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لیے تمام تر انتظامات برقرار رکھے جائیں اور چھت پر باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا ہر صورت خاتمہ ہونا چاہیے اور کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ رہنے دیا جائے۔
انہوں نے ایف ڈی اے کمپلیکس کے گردونواح، پارکنگ ایریا، اسٹورز، مختلف دفاتر اور ون ونڈو انتظار گاہ کا بھی معائنہ کیا اور خصوصی طور پر پودوں کے گملوں، کیاریوں اور پانی کی ٹینکیوں کو چیک کیا تاکہ انسدادِ ڈینگی سرویلنس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ رہے۔
ڈی جی ایف ڈی اے نے عملے کو ہدایت کی کہ مرکزی و ذیلی دفاتر میں سرویلنس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کو بھی انسدادِ ڈینگی اقدامات کے حوالے سے متحرک رکھا جائے۔ انہوں نے انسدادِ ڈینگی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ مکمل رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم کو مسلسل جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ احتیاطی تدابیر پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کو فروغ دیا جا سکے
