(Publish from Houston Texas USA)
رپورٹ :(طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی ہفتہ وار کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد، جرمانوں اور فیلڈ میں کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے یقینی بنائیں، نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کروائیں اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران ضلع بھر میں 12 ہزار 6 سو انسپکشنز کی گئیں جس دوران ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کو 8لاکھ 8 ہزار 5 سو روپے جرمانہ 9 دکانوں کو سیل جبکہ 37 افراد کو گرفتار کروایا گیا ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں فیلڈ افسران کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو آٹا، سبزی اور گوشت سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر خصوصی فوکس رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔
