(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب کارسپانڈنٹ منڈی بہاؤالدین)
ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین عدیل حیدر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس ، ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر محمد افضل ندیم ،میڈم عظمی تارڑ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب10 میڈیکل سٹور مالکان کے کیسز زیر بحث لائے گئے۔جن پر بغیر لائسنس، بغیر وارنٹی، زائد المیعاد، غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے جیسے الزامات تھے۔اجلاس میں تمام میڈیکل سٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا فرداً فرداً موقع دیا گیا۔بورڈ ممبران کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نے4 میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے،4 میڈیکل سٹور مالکان کو وارننگ جاری کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے اور 2میڈیکل سٹور مالکان کو اگلے اجلاس میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنرعدیل حیدر نے ہدایت کی کہ زائد المیعاد، ممنوعہ ادویات، فزیشن سیمپل ، ادویات کی خرید و فروخت کا ریکارڈ نہ رکھنے والوں اور کوالیفائیڈ شخص کے بغیر میڈیکل سٹور یا کلینک چلانے والوں کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں۔ وارننگ یا سزا کے بعد بھی بے قاعدگیوں سے باز نہ آنے والے میڈیکل سٹوروں کا کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا کر موثر پیروی کی جائے۔
