(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب ڈویژنل بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو رمضان سہولت بازار، نگہبان رمضان کارڈز، پرائس کنٹرول اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں سمیت ضلع میں جاری عوامی فلاحی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور شفاف رپورٹنگ پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین عدیل حیدر چوہدری کی منڈی بہاؤالدین کی صحافی برادری سے وسیع پیمانے پر شاندار ملاقات، ڈپٹی کمشنر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے نگہبان رمضان پیکج 2026، رمضان المبارک کی تیاریوں اور ضلع میں جاری عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات سے میڈیا کوتفصیلی آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس ، صدر پریس کلب (رجسٹرڈ) منڈی بہاؤالدین محمد ظہیر خان ، ڈسٹرکٹ بیورو چیف سماء لاہور و نمائندہ پی ٹی وی نیوزمنڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد قاسم اورنگ زیب ،اسسٹنٹ انفارمیشن آفیسر محمد عاطف منیر سمیت منڈی بہاؤالدین کے صحافیوں نے بڑے جوشں و خروش اور قومی ولولے کے ساتھ سرکاری اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا کہنا تھا کہ ضلع میں موثر پرائس کنٹرول میکنزم، رمضان سہولت بازار،نگہبان رمضان دستر خوان اور نگہبان کارڈز کی تقسیم کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔ منڈی بہاؤالدین شہر میں رمضان سہولت بازار قائم کر دیا گیا ہے جہاں اشیائے خوردونوش جن میں سبزیاں، پھل،کریانہ، گوشت، چکن عام مارکیٹ سے سستی دستیاب ہیں۔ عام مارکیٹ میں بھی اشیاء خوردونوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابتک 4ہزارمستحق گھرانوں کو نگہبان کارڈ ز تقسیم کئے گئے ہیں۔ نگہبان کارڈ کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔ امدادی رقم میں کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلع بھر میں مخیر حضرات کے تعاون سے 10 بڑے نگہبان رمضان دسترخوان لگائے جائیں گے۔ جہاں مستحق افراد کو افطاری کے ساتھ کھانا بھی دیا جائے گا۔ ضلع بھر میں 32پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی 18 مختلف بازاروں میں ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو پرائس ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مین بازار میں ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کیلئے فوری طور پر بڑی سکرین نصب کرنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا کہنا تھا کہ ضلع کو خوبصورت بنانے کے لیے بھی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت 5وارڈز سمیت اہم شاہراہوں اور چوکوں کی ری ڈیزائننگ جاری ہے۔ اجلاس کے اختتام پر باہمی تعاون، شفافیت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ رمضان المبارک کے دوران ضلع میں ریلیف اقدامات موثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوں
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔