(Publish from Houston Texas USA)
(رپورٹ : طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق سے ان کے دفتر میں ساہیوال پریس کلب رجسٹرڈ کے نو منتخب عہدیداران نے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور میڈیا کے درمیان مضبوط رابطہ عوامی مسائل کے بروقت حل، شفافیت کے فروغ اور حکومتی اقدامات کی درست آگاہی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ صحافی برادری کو اپنا اہم شراکت دار سمجھتی ہے اور ساہیوال کی مجموعی ترقی، امن و امان اور عوامی فلاح کے لیے میڈیا کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب قیادت صحافتی اقدار، ذمہ داری اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے گی۔نو منتخب عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ساہیوال پریس کلب رجسٹرڈ صحافتی اصولوں کی پاسداری، مثبت رپورٹنگ اور عوامی مسائل کی مؤثر ترجمانی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔

