(راجہ محمد ایوب، نامہ نگار، منڈی بہاؤالدین)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کے لیے ضلع منڈی بہاؤالدین میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی خصوصی ہدایات پر ملکوال ہائی پاس کے قریب واقع سرکاری اراضی جو کہ گزشتہ 10 سال سے قانونی چارہ جوئی/عدالتی مقدمات میں ملوث تھی انتظامیہ نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے واگزار کرا لیا۔ اس گرینڈ آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین عدنان بشیر وڑائچ کاہنہ نے کی جبکہ ضلعی کمانڈر پیرا فورس تابش محمود بٹ کی زیر نگرانی انتظامی ٹیم نے تیز اور شفاف کارروائی کے ذریعے 435 کنال 6 مرلہ اراضی کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین ڈاکٹر فیصل سلیم نے بیورو چیف سماء اور نمائندہ پی ٹی وی نیوز منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمال اسٹیٹ انڈسٹریز کے قیام سے ضلع میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی صنعتکاروں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم ہوں گی۔ ڈی سی ڈاکٹر فیصل سلیم چوہدری نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلیم نے مزید کہا کہ سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کے لیے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور جلد ترقیاتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق پلاٹوں اور دکانوں کی نیلامی کا عمل نومبر کے مہینے میں مکمل کر لیا جائے گا تاکہ اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ یہ تاریخی اقدام منڈی بہاؤالدین کی صنعتی اور تجارتی ترقی میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
